برصغیر کے عظیم گلوکار محمد رفیع کی برسی 46ویں برسی(کل)منائی جائیگی

محمد رفیع کو 6 فلم فیئرایوراڈز کے ساتھ بھارت کے اعلیٰ ترین اعزاز پدماشری سے بھی نوازا گیا

جمعرات 30 جولائی 2026 12:03

برصغیر کے عظیم گلوکار محمد رفیع کی برسی 46ویں برسی(کل)منائی جائیگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) برصغیر کے عظیم گلوکار محمد رفیع کی برسی 46ویں برسی(کل) 31جولائی کو منائی جائے گی۔محمد رفیع بھارت کے شہر امرتسر کے گائوں کوٹلہ سلطان سنگھ میں 24 دسمبر 1924 کو پیدا ہوئے اور شاید اس وقت کسی کے وہم و گمان بھی نہ ہوگا یہ بچہ ایسا نام پیدا کرے گا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ محمد رفیع نے 13 سال کی عمر میں لاہور ریڈیو سے پنجابی گانے گا کر اپنے فنی سفر کا آغاز کیا جبکہ 17 برس کی عمر میں موسیقار شیام سندر کی دعوت پر بمبئی (ممبئی)چلے گئے۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی انہوں نے ایسے لازوال گیت گائے جو ان کی پہچان بن گئے۔ محمد رفیع کی آواز کی خوبی تھی کہ اگر وہ کوئی غمگین گیت گاتے تو سب کو افسردہ کردیتے اوررومانوی گیت گاتے تو سننے والے کا موڈ رومینٹک ہوجاتا۔

(جاری ہے)

ان کے گائے گئے گیت فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ 3 دہائیوں تک بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے محمد رفیع نے دلیپ کمار، دھرمیندر، دیوآنند، رشی کپور، شمی کپور، جتیندر اور امیتابھ جیسے بڑے اداکاروں کیلئے پسِ پردہ گائیکی کی۔ محمد رفیع کو 6 فلم فیئرایوراڈز کے ساتھ بھارت کے اعلی ترین اعزاز پدماشری سے بھی نوازا گیا۔موسیقی کی دنیا کا یہ روشن ستارہ 31 جولائی 1980 کو اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر ہمیشہ کیلئے چلا گیا۔