کپواڑہ،قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 30 جولائی 2026 15:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے ضلع کے علاقے سرمرگ میں لوگوں نے ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے کہا کہ علاقے میں قائم صحت مرکز میں نہ عملہ پوری طرح سے دستیاب ہے اور نہ ہی ضروری سہولیات موجود ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ہسپتال کو سات برس قبل اپ گریڈ کیا گیا تھا اور یہ آس پاس کے تقریباً ایک درجن کے قریب دیہات کیلئے واحد ہسپتال ہے لیکن ہسپتال کی مناسب عمارت موجود ہے اور نہ ہی ایمبولینس کی سہولت دستیاب ہے ۔ مظاہرین نے کہا ہسپتال میں ایک ڈاکٹر تعینات ہیں لیکن بنیادی سہولیات کے فقدان کیوجہ سے مریضوںکو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مریضوں کو علاج کے لیے 25کلومیٹر سے زائد کا سفر کرکے ہندواڑہ قصبے کے ہسپتال میں جانا پڑتا ہے۔گائوں کے ایک نوجوان بلال رشید نے کہا کہ ہسپتال میں ایمبولینس تک نہیں ہے۔ مریضوں کو دوسرے اسپتالوں تک لے جانے کے لیے ہمیں پرائیویٹ کیب کرایہ پر لینا پڑتی ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ہسپتال کو فوری طور پر مکمل عملہ، تشخیصی خدمات اور ایمبولینس کی سہولیات بہم پہنچائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔