ایچ ای سی نے چین میں چھ ماہ کی ریسرچ فیلوشپس کے لیے درخواستیں طلب کر لیں

جمعہ 31 جولائی 2026 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) نے پاکستان میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے چین میں چھ ماہ کی ریسرچ فیلوشپس کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔گوادر پرو کے مطابق یہ فیلوشپس سی پیک کنسورشیم آف یونیورسٹیزکے تحت اکیڈمک کولیبریشن پروگرام کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان تحقیقی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد پاکستانی تحقیق کے معیار کو بہتر بنانا ہے، تاکہ محققین کو چینی جامعات کی جدید لیبارٹریوں میں تحقیق یا تربیت کے مواقع میسر آئیں اور وہ بین الاقوامی محققین کے ساتھ علمی تبادلہ خیال کر سکیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکستان میں کسی جامعہ میں کل وقتی بنیادوں پر ایم ایس یا پی ایچ ڈی پروگرام میں داخل ہوں، ان کا تحقیقی موضوع منظور شدہ ہو، اور انہیں چین کی میزبان جامعہ میں متعلقہ سپروائزر کی جانب سے باضابطہ دعوت نامہ یا قبولیت کا لیٹر حاصل ہو۔

رپورٹ کے مطابق مزید برآں، درخواست گزار کی پاکستانی جامعہ اور مجوزہ چینی میزبان جامعہ، دونوں کا سی پیک کنسورشیم آف یونیورسٹیز کا رکن ہونا لازمی ہے۔ایچ ای سی کے مطابق درخواستوں کا آغاز 26 جولائی سے ہو چکا ہے، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 اگست مقرر کی گئی ہے۔