پاکستان کی عالمی ہاکی رینکنگ میں بہتری کھلاڑیوں کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے،ترجمان پی ایچ ایف

جمعہ 31 جولائی 2026 23:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی ٹیم نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں مزید ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے 12ویں پوزیشن حاصل کر لی ۔ قومی ٹیم 2544.54 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ بہتری کے بعد 12ویں پوزیشن پر پہنچ گئی، جبکہ جنوبی افریقہ 13ویں اور ملائیشیا 14ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم کی حالیہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں عمدہ کارکردگی اور کھلاڑیوں کی مسلسل محنت اس کامیابی کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں تاکہ عالمی رینکنگ میں مزید بہتری حاصل کی جا سکے۔ترجمان نے کہا کہ قومی ٹیم کا اگلا ہدف عالمی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں واپسی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2026 کے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں، جہاں پول ڈی میں پاکستان کو بھارت، انگلینڈ اور ویلز کا سامنا ہوگا، قومی ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی۔ ان کے مطابق کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں اور عالمی رینکنگ میں یہ پیش رفت ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے حوصلے مزید بلند کرے گی۔