ملک کو گزشتہ سات دہائیوں سے ایسے حکمرانوں نے نقصان پہنچایا جو عوامی مینڈیٹ کے بجائے طاقت یا دیگر غیر جمہوری ذرائع سے اقتدار میں آتے رہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

اتوار 2 اگست 2026 17:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے زیرِ اہتمام تنظیمی سرگرمیوں کے سلسلے کوئٹہ کے مختلف یونٹوں میں جن میں تحصیل کچلاک،کلی رحیم گل درویش آباد بلیلی یونٹ، حلقہ غبرگ یونٹ، سمنگلی یونٹ، ریگی ناصران یونٹ، سید احمد شہید یونٹ پشتون باغ اور الجہاد یونٹ نورزئی چوک شامل ہیں، کے تفصیلی تنظیمی دورے کیے گئے۔

دوروں میں سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سرپرست اعلیٰ مولانا مفتی محمد روزی خان، مولانا عبدالبصیر، حاجی قاسم خان خلجی، مولانا محمد شعیب جدون، عبدالصمد حقیار، مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا، مولانا محمد عارف شمشیر، مولانا نقیب اللہ ملاخیل اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونٹوں کی مجالسِ عاملہ، تنظیمی کارکردگی، کارکنوں کی فعالیت، جمعیت کے ماتحت مختلف شعبہ جات شعبہ اطلاعات، شعبہ مالیات، شعبہ انصار الاسلام اور ڈیجیٹل میڈیا کی کارکردگی اور درپیش تنظیمی و عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ تنظیم کو مزید فعال، منظم اور عوامی خدمت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جماعت کی جانب سے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

بعد ازاں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق اور ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس نے دوروں کی کامیاب تکمیل پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو گزشتہ سات دہائیوں سے ایسے حکمرانوں نے نقصان پہنچایا ہے جو عوامی مینڈیٹ کے بجائے طاقت یا دیگر غیر جمہوری ذرائع سے اقتدار میں آتے رہے، جس کے باعث قومی ادارے، معیشت اور عوام شدید بحرانوں کا شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہی ملک میں آئین کی بالادستی، حقیقی جمہوریت، عوامی حقوق اور دیانت دار قیادت کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے، اور تنظیمی دوروں کا مقصد کارکنوں سے رابطے مضبوط بنانا، تنظیم کو نچلی سطح تک مزید فعال کرنا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنا ہے۔