پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے رجسٹرڈ و لائسنس یافتہ خریداران ہی تمباکو خریداری، ذخیرہ، نقل و حمل و کاروبار کے مجاز ہیں، چیئرمین ٹوبیکو بورڈ

ہفتہ 8 اگست 2026 21:21

پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے رجسٹرڈ و لائسنس یافتہ خریداران ہی تمباکو خریداری، ..
صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2026ء) چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ محمد شاہد حسین نے تمام غیر رجسٹرڈ تمباکو خریداران، ڈیلرز، ایکسپورٹرز، گودام مالکان اور دیگر متعلقہ افراد کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ آرڈیننس 1968ایم ایل او487اور تمباکو مارکیٹنگ کنٹرول رولز 2016 کے تحت صرف پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ خریداران ہی تمباکو کی خریداری، ذخیرہ، نقل و حمل اور کاروبار کے مجاز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ فرد، کمپنی یا ادارے کی جانب سے تمباکو کی خریداری، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل یا کاروبار قانونا ممنوع اور قابل تعزیر جرم ہے۔ پاکستان ٹوبیکو بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے گا تاکہ تمباکو کی خریداری کا نظام قانون کے مطابق اور شفاف بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام تمباکو کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پیداوار صرف پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ خریداران کو فروخت کریں تاکہ وہ مالی نقصان، دھوکہ دہی اور قانونی پیچیدگیوں سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ تمام غیر رجسٹرڈ کمپنیوں، ڈیلرز، ایکسپورٹرز، اداروں اور گودام مالکان تمباکو کی خریداری یا اس سے متعلق کسی بھی کاروباری سرگرمی کے آغاز سے قبل پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے اپنی رجسٹریشن اور لائسنس مکمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ تمباکو کی قانونی خریداری، کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ اور تمباکو مارکیٹنگ کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔