انڈین نیشنل کانگریس جموں و کشمیر شاخ کا5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

منگل 4 اگست 2026 18:31

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2026ء) بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس جموں وکشمیر شاخ نے مودی حکومت کے 5اگست 2019 کے یکطرفہ اورغیر قانونی اقداما ت کے خلاف کل (بدھ) یوم سیاہ منانے کا اعلان کیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ فیصلہ کانگریس جموں وکشمیر شاخ کے ورکنگ صدر رمن بھلا کی زیر صدارت جموں میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی جموں کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رمن بھلا نے کہا کہ کانگریس 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی اورجموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کےلئے احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات نے کشمیری عوام کو ان کے جمہوری حقوق اور آئینی تحفظات سے محروم اور ان کی شناخت کو مجروح کیا۔

(جاری ہے)

رمن بھلا نے بھارتی حکومت کوجموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے صرف بار بار وعدے کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کے عوام بھی انہی آئینی حقوق کے مستحق ہیں جو دیگر بھارتی ریاستوں کے شہریوں کو حاصل ہیں۔ریاست کی بحالی میں طویل تاخیر سنگین ناانصافی ہے جس سے کشمیریوں میں بیگانگی اور بے اختیاری کا احساس بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مکمل ریاست ہمارے متنوع خطے کی منفرد سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے۔