دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،میاں افتخار حسین

حکومت مزید موثر انداز میں فرائض انجام دہی کیلئے پولیس فورس کو جدید وسائل، سہولیات اور تربیت فراہم کرے ، صدر اے این پی خیبرپختونخوا

بدھ 5 اگست 2026 20:30

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2026ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ رہا، جہاں پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک سعد شہید، صفوت غیور شہید، اقبال مومند شہید، عابد علی شہید، خان رازق شہید، طاہر داوڑ شہید اور دیگر شہدا کو قوم کا سرمایہ قرار دیا۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مضبوط کیا ہے، لہٰذا حکومت پولیس فورس کو جدید وسائل، سہولیات اور تربیت فراہم کرے تاکہ وہ مزید موثر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکے۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی تمام پولیس شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتی ہے۔