ایم ڈی کیٹ 2026ء کی تاریخ تبدیل، امتحان اب 20ستمبر کو ہوگا

جمعرات 6 اگست 2026 16:17

ایم ڈی کیٹ 2026ء کی تاریخ تبدیل، امتحان اب 20ستمبر کو ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)نے وزیر اعظم شہاز شریف کی ہدایت پر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ 2026ء کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے امتحان کو اب 20ستمبر 2026ء کو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ امتحان کے انعقاد کو مزید منظم، محفوظ، شفاف اور امیدواروں کے لیے سہل بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے، امتحان 16اگست کے بجائے اب 20ستمبر 2026ء کو منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امتحان کی تاریخ کے علاوہ دیگر تمام شرائط، ضوابط اور امتحانی انتظامات بدستور برقرار رہیں گے، تاہم اگر آئندہ کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس سے متعلق الگ سے باضابطہ اطلاع دی جائے گی۔پی ایم ڈی سی نے تمام امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات، ہدایات اور اعلانات کے لیے کونسل کی سرکاری ویب سائٹ اور سرکاری ذرائع ابلاغ سے مسلسل رابطے میں رہیں۔کونسل نے امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کے باعث ہونے والی ممکنہ پریشانی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو سراہا ہے۔