5اگست بھارتی جمہوری تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، فاروق عبداللہ

جمعرات 6 اگست 2026 16:48

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ علاقے کے لوگوں نے بی جے پی کی بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو شروع سے ہی مسترد کرتے ہوئے اس دن کو بھارتی جمہوری تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نے کہا کہ 5 اگست کے اقدامات نے مقبوضہ علاقے سے اس کے آئینی تحفظات، سیاسی شناخت اور ریاست کا درجہ چھین لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگوں نے بی جے پی حکومت کے یکطرفہ اقدامات کی مسلسل مخالفت کی ہے اور وہ اپنے آئینی حقوق اور مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کے اپنے مطالبے پر ثابت قدم ہیں۔انہوںنے بی جے پی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھگوا پارٹی عوام کے مینڈیٹ کو تقسیم کرنے اور ان کی اجتماعی آواز کو کمزور کرنے کے لیے ’’پراکسی سیاسی تشکیل بندیوں‘‘ کو فروغ دیتی رہی۔انہوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 5 اگست 2019 کو چھینے گئے حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد میں متحد رہیں۔