یو ای ٹی لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز کی ایکسٹینشن بلڈنگ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

جمعہ 7 اگست 2026 16:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز کی ایکسٹینشن بلڈنگ کا سنگِ بنیاد ایک پروقار تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے رکھا۔یہ منصوبہ یو ای ٹی لاہور کے ایلومنائی کی معاونت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور یونیورسٹی میں سابق طلبہ کی ادارہ جاتی ترقی کے لیے شراکت داری کی ایک نمایاں مثال ہے۔

تقریب میں رجسٹرار، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، شعبہ جات کے چیئرمینز، اساتذہ کرام، افسران، اور معزز مہمانوں بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یہ منصوبہ سابق طلبہ کی اپنی مادرِ علمی سے محبت، وابستگی اور احساسِ ذمہ داری کا عملی اظہار ہے۔

(جاری ہے)

یو ای ٹی لاہور اپنے ایلومنائی کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یہی باہمی اشتراک یونیورسٹی کو علمی و تحقیقی میدان میں مزید مضبوط بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز کی ایکسٹینشن بلڈنگ صرف ایک نئی عمارت نہیں بلکہ ایک نئے علمی وژن کی علامت ہے، جس کا مقصد اسلامی علوم کو عصرِ حاضر کے تقاضوں، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراعی سوچ سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ابلاغ کے جدید ذرائع اور تیزی سے بدلتے عالمی منظرنامے نے نئی فکری اور عملی ذمہ داریاں عائد کر دی ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ایسے نوجوان تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جو قرآن و سنت کی گہری سمجھ کے ساتھ جدید علوم اور ٹیکنالوجی پر بھی عبور رکھتے ہوں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ اسی وژن کے تحت یو ای ٹی لاہور میں بی ایس اسلامک اسٹڈیز ود اسپیشلائزیشن اِن کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا منفرد پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو اسلامی علوم کے ساتھ کمپیوٹر سائنس، ڈیجیٹل مہارتوں، تحقیق، تنقیدی فکر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں یہ ایکسٹینشن بلڈنگ ایک ایسے ماڈل اسلامک سنٹر کی صورت اختیار کرے گی جو قرآن و سنت کی تعلیمات، علمی تحقیق، بین المذاہب ہم آہنگی، اخلاقی و فکری تربیت، ڈیجیٹل لرننگ، جدید تحقیق اور سماجی رہنمائی کا مثر مرکز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ایسی متوازن شخصیات کی تشکیل ہے جو دینی بصیرت اور جدید سائنسی و تکنیکی مہارتوں سے آراستہ ہوں اور پاکستان کی علمی، فکری اور سماجی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کریں۔

وائس چانسلر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں مزید ایلومنائی بھی اپنی مادرِ علمی کی ترقی اور تعلیمی منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کریں گے، تاکہ یونیورسٹی میں تدریس، تحقیق اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اجتماعی تعاون کی روایت مزید مضبوط ہو۔اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز کے لیے اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں خصوصی کردار ادا کرنے پر ڈاکٹر تنویر قاسم، ایسوسی ایٹ پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز، یو ای ٹی لاہور کی خدمات کو بھی سراہا گیا، جن کی مسلسل کاوشوں اور رابطہ کاری سے یہ ایلومنائی پر مبنی منصوبہ ممکن ہو سکا۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس منصوبے کو علم، تحقیق، کردار سازی اور انسانیت کی خدمت کا مثر مرکز بنائے، اور یہ ادارہ قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ علمی قیادت تیار کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے۔