ڈپٹی کمشنر کا نشتر ہسپتال کا اچانک دورہ، مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ ، دیگر انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 7 اگست 2026 20:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بہتری کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے علی الصبح نشتر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے، ادویات کی فراہمی اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے متعلقہ ڈاکٹروں اور انتظامیہ سے بریفنگ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، صفائی کے اعلیٰ معیار اور ادویات کی بلا تعطل دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔