گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ کی ملاقات

جمعہ 7 اگست 2026 22:31

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے ملاقات کی، جس میں گورنر ہاؤس میں جاری اسکول کے بچوں کے "اے آئی سمر کیمپ" سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے گورنر ہاؤس میں بچوں کے لیے منعقد کیے جانے والے "اے آئی سمر کیمپ" کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی ایک مثبت اور مؤثر کاوش قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل اے آئی پالیسی، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نوجوانوں کو جدید تعلیم و تربیت کی فراہمی، اور انہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، انہیں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور اس شعبے میں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں، ملاقات میں پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔