کوہاٹ ، مینا خان آفریدی، شفیع جان نی34کروڑ روپے کے ویمن بزنس ڈویلپمنٹ سنٹر اور جدید لیزر ریسرچ لیبارٹری کا افتتاح کردیا

جمعہ 7 اگست 2026 20:00

کوہاٹ ، مینا خان آفریدی، شفیع جان نی34کروڑ روپے کے ویمن بزنس ڈویلپمنٹ ..
کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر بلدیات و اعلی تعلیم مینا خان آفریدی نے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کے ہمراہ کوہاٹ میں تقریبا 34 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے وومن بزنس ڈویلپمنٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا، جبکہ بعد ازاں کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید لیزر ریسرچ لیبارٹری کا بھی افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں چیئرمین ڈیڈک کوہاٹ و رکن صوبائی اسمبلی داد شاہ آفریدی، سیکرٹری بلدیات ظفر الاسلام، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، متعلقہ حکام، مقامی عمائدین اور خواتین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینا خان آفریدی نے کہا کہ خواتین کی معاشی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وومن بزنس ڈیویلپمنٹ سینٹر میں خواتین کو کاروباری نظم و نسق، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اسکلز، ای کامرس اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ خود روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ منصوبہ اس وژن کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید لیزر ریسرچ لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اعلی تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیمی اور تحقیقی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔