کراچی میں مختلف پولیس مقابلے، 6 مبینہ ڈاکو گرفتار، 3 راہ گیر بھی فائرنگ سے زخمی

منگل 11 اگست 2026 11:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان ہونے والے مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران 5 زخمیوں سمیت 6 مبینہ ڈاکو گرفتار کرلیے گئے، جبکہ ماڑی پور ٹرک اڈا کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے 3 راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ زخمی ملزمان اور راہ گیروں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ماڑی پور ٹرک اڈا کے قریب گشت پر مامور پولیس پارٹی نے موٹرسائیکل سوار 2 مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر 3 راہ گیر زخمی ہوگئے جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت 20 سالہ معیز، 20 سالہ محسن اور 18 سالہ ارسلان کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔دوسری جانب ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 22 میں مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں ارسلان نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم محمد نعیم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔پرانا گولیمار کی گھاس والی گلی میں پاک کالونی پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان مقابلے کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت محتجب کے نام سے ہوئی جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔

اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 6-ای ندی کنارے بھی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 2 ملزمان جمشید اور وجاہت کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ دونوں زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر پیدل واردات کی غرض سے جارہے تھے اور ان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔ادھر عوامی کالونی پولیس نے کورنگی عوامی کالونی باڑے کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

زخمی ملزم کی شناخت جہانزیب کے نام سے ہوئی جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔پولیس حکام کے مطابق مختلف کارروائیوں میں گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جبکہ ماڑی پور واقعے میں فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے سابقہ جرائم اور دیگر وارداتوں میں ممکنہ ملوث ہونے کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔