یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں لورالائی میں کرکٹ کے دو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا انعقاد

منگل 11 اگست 2026 22:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں لورالائی میں کرکٹ کے دو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مقامی نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔کرکٹ کے دونوں مقابلے ڈپٹی ڈائریکٹر لورالائی نصیب اللہ کاکڑ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ظہیر احمد کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئے۔

مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جبکہ شائقینِ کرکٹ نے بھی میچز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا یومِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ ان کھیلوں کے مقابلوں کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا، ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دینا اور ضلع کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کھیلوں کے منتظمین نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں سے جوڑنے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کو جسمانی طور پر صحت مند رکھتے ہیں بلکہ ان میں خود اعتمادی برداشت، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتیں بھی پیدا کرتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ضلع لورالائی میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ اور مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مستقبل میں بھی مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے کھیلوں کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا اقدام ہے۔

انہوں نے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لورالائی میں کرکٹ گراؤنڈز، کھیلوں کی سہولیات اور تربیتی پروگراموں میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ ضلع سے ابھرنے والے باصلاحیت کھلاڑی صوبائی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں شرکاء کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والے یہ مقابلے نوجوانوں میں قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبات کو مزید اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور محکمہ کھیل کی سرپرستی سے لورالائی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور مقامی کھلاڑیوں کو مستقبل میں بڑے پلیٹ فارمز پر کھیلنے کے مواقع حاصل ہوں گے تقریبات کے اختتام پر منتظمین نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں دیگر مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔