یومِ آزادی کی آمد پر کشمیری عوام کا پاکستان سے والہانہ محبت اور ملکی ترقی کے عزم کا اظہار

بدھ 12 اگست 2026 12:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2026ء) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی آمد کے موقع پر آزاد کشمیر کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ایک سروے میں آزاد کشمیر کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے، اس لیے اس کی حفاظت اور قدر ہمیشہ مقدم رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور کردار سازی کے ذریعے نئی نسل کو ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا، جبکہ کشمیری عوام خدمتِ خلق اور رزقِ حلال کے ذریعے معاشی و معاشرتی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنے کا عزم رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، خودداری اور پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت سمجھتے ہیں۔انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے سرحدوں پر سینہ سپر بہادر محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔آزاد کشمیر کے شہریوں نے کہا کہ کشمیری اپنی ہر سانس کو پاکستان سے جڑا ہوا سمجھتے ہیں، پاکستان سے محبت ان کے لیے ایمان، وفا اور تاریخی وابستگی کا رشتہ ہے۔