Live Updates

یومِ آزادی پر کشمیری عوام کا پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار، ملکی ترقی کا عزم

بدھ 12 اگست 2026 18:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2026ء) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی آمد پر آزاد کشمیر کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آزاد کشمیر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے، اس لیے اس کی حفاظت، قدر اور استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔

شہریوں نے کہا کہ وہ تعلیم اور کردار سازی کے ذریعے نئی نسل کو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کریں گے۔ ان کے مطابق تعلیم یافتہ، باکردار اور ذمہ دار نوجوان ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام خدمتِ خلق اور رزقِ حلال کے ذریعے پاکستان کی معاشی و معاشرتی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنے کا عزم رکھتے ہیں۔

ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔آزاد کشمیر کے شہریوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، خودداری اور پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔

شہریوں نے وطن کے دفاع کے لیے سرحدوں پر فرائض انجام دینے والے بہادر محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔کشمیری عوام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنی ہر سانس کو پاکستان سے جڑا ہوا سمجھتے ہیں اور پاکستان سے محبت ان کے لیے ایمان، وفا اور تاریخی وابستگی کا رشتہ ہے۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات