کچہری ،سول جج کی عدالت سے وکیل گرفتار، احتجاج اور مذاکرات کے بعد رہا

جمعرات 13 اگست 2026 22:01

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) ضلع کچہری ساہیوال میں سول جج احمد خالد کی عدالت سے ایک وکیل نادر صدیق کو گرفتار کرلیا گیا۔ وکیل کی گرفتاری کے بعد سینکڑوں وکلا نے بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک سعید احمد سگھلا کی قیادت میں ڈسٹرکٹ پولیس آفس چوک اور سی این ایف تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے اور روڈ بلاک کرکے وکیل کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

عدالت میں وکیل نادر صدیق اور سی این ایف اہلکار کے درمیان مقدمے کی فائل پڑھنے پر تنازع ہوگیا، جس کے بعد سی این ایف اہلکار کی کال پر سی این ایف کی بھاری فورس پہنچ گئی اور وکیل کو عدالت سے اٹھا کر تھانے لے گئی۔وکلا کے احتجاج کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال، بار کے صدر اور سی این ایف افسران کے درمیان مذاکرات ہوئے، جس کے بعد وکیل نادر صدیق کو رہا کردیا گیا۔