جموں و کشمیر،میڈیکل کالجوں کے ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاج جاری

جمعرات 20 اگست 2026 12:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پانچ نئے سرکاری میڈیکل کالجوں کے غیر جریدہ ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج آج مسلسل چوتھے روز بھی جاری ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد، بارہمولہ، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور راجوری کے سرکاری میڈیکل کالجوں کے ملازمین 17 اگست سے غیر معینہ مدت کے لیے پرامن احتجاج پر ہیں ،وہ اپنی بھرتیوں اور سروس رولز کو حتمی شکل دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ چار روز سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ صحت کے حکام نے ان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی برس کی خدمات کے باوجود ان کی سروس ، ترقیوں اور مستقبل کے امکانات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال بدستور جاری ہے۔ملازمین نے ا نتظامیہ ،محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے اعلی حکام پر زور دیا کہ وہ ان کے جائز مطالبات کی طرف فوری توجہ دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکام نے کوئی مثبت ردعمل نہ دیا تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔