مقبوضہ کشمیر،میڈیکل کالجوںکے ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاج جاری

اسلام آباد، بارہمولہ، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور راجوری کے سرکاری میڈیکل کالجوں کے ملازمین 17اگست سے غیر معینہ مدت کیلئے پرامن احتجاج پر ہیں

جمعرات 20 اگست 2026 17:06

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پانچ نئے سرکاری میڈیکل کالجوں کے غیر جریدہ ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج جاری ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد، بارہمولہ، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور راجوری کے سرکاری میڈیکل کالجوں کے ملازمین 17 اگست سے غیر معینہ مدت کے لیے پرامن احتجاج پر ہیں ۔

وہ اپنی بھرتیوں اور سروس رولز کو حتمی شکل دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چار روز سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن اسکے باوجود محکمہ صحت کے حکام نے ان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیںکیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی برس کی خدمات کے باوجود ان کی سروس ، ترقیوں اور مستقبل کے امکانات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال بدستور جاری ہے۔ملازمین نے ا نتظامیہ ،محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے اعلی حکام پر زور دیا کہ وہ انکے جائز مطالبات کی طرف فوری توجہ دیں۔ انہوںنے خبردار کیا کہ اگر حکام نے کوئی مثبت ردعمل نہ دیا تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔