غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں قومی شجرکاری ڈے کے حوالے سے تقریب

جمعرات 20 اگست 2026 17:24

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2026ء) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے نیو کیمپس میں قومی شجرکاری ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ سکیپ اور گرین انیشیٹو سوسائٹی کے تعاون سے شعبہ فاریسٹری، رینج اینڈ وائلڈ لائف نے کیا۔ترجمان غازی یونیورسٹی کے مطابق تقریب کا مقصد طلبہ و اساتذہ میں شجرکاری کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ اور درختوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نیاز احمد مغل، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر میر فیصل اور ڈی جی پی ایچ اے ڈیرہ غازی خان تقریب کے مہمانانِ اعزاز تھے۔وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چھٹہ، ڈین/کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، اساتذہ اور فیکلٹی آف ایگریکلچر کے طلبہ نے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا اور کیمپس میں پودے لگائے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ شعبہ فاریسٹری ڈاکٹر مہک شاہین نے قومی شجرکاری ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو خوشگوار، صحت مند اور پائیدار ماحول فراہم کرنے کے لیے جنگلات کے رقبے میں اضافہ ناگزیر ہے، جبکہ شجرکاری کے ساتھ پودوں کی نگہداشت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چھٹہ نے اپنے خطاب میں پودوں کی مسلسل دیکھ بھال، کیمپس کی خوبصورتی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی پر زور دیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ غازی یونیورسٹی علاقے کو سرسبز بنانے اور اربن فاریسٹری کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ، پی ایچ اے، ایئرپورٹ انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری صرف ایک دن کی سرگرمی نہیں بلکہ مستقل ذمہ داری ہے، جس کے لیے اجتماعی کوششیں اور پودوں کی مؤثر نگہداشت ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :