عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری یا شکایت قابلِ قبول نہیں ہوگی،اسسٹنٹ کمشنر تھل عبدالسلام شاہوانی

جمعرات 20 اگست 2026 20:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2026ء) ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر تھل عبدالسلام شاہوانی نے تحصیل دکی میں مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں اور بینکوں کا تفصیلی دورہ کرکے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اے ٹی ایم سروسز کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں، کرایہ ناموں اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ ذمہ داران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں سے مقررہ اور سرکاری طور پر طے شدہ کرایے وصول کیے جائیں اور کسی بھی صورت زائد کرایہ وصول نہ کیا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری یا شکایت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر صفائی، نظم و ضبط، کرایہ ناموں کی نمایاں آویزاں اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر عبدالسلام شاہوانی نے تحصیل دکی میں مختلف بینکوں کا بھی دورہ کیا اور اے ٹی ایم مشینوں کی فعالیت، رقم کے حصول کی سہولت اور دیگر عوامی خدمات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے بینک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اے ٹی ایم مشینوں کو ہر ممکن حد تک فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں، خصوصاً تنخواہ دار طبقے اور دیگر صارفین کو رقم کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالسلام شاہوانی نے کہا کہ عوامی سہولیات سے متعلق امور میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی، مقررہ کرایوں پر سفری سہولیات کی دستیابی اور بینکنگ سروسز کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :