ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی (آئی ایم یو ہیلتھ) کا اجلاس، محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا

جمعہ 21 اگست 2026 17:16

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات، سروس ڈیلیوری اور گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر آئی ایم یو ہیلتھ نے محکمہ صحت کی کارکردگی، انکوائریوں، عملہ کی حاضری، مانیٹرنگ کے نتائج اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جبکہ ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد نے اپنے اداروں کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور جاری اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت اور دیگر طبی اداروں میں انتظامی و افرادی قوت سے متعلق مسائل، خالی آسامیوں، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، سپلائی چین کے نظام اور دیگر بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام صحت مراکز میں سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنایا جائے، ادویات کی بروقت اور مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے، عملے کی حاضری پر کڑی نگرانی رکھی جائے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ صحت میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ)، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (آئی ایم یو ہیلتھ)، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :