گورنر سندھ کا کمیونٹی پولیسنگ کراچی سینٹر کا دورہ، جدید سرویلنس نظام کا جائزہ

کراچی میں 2 ہزار سے زائد سیکیورٹی کیمرے نصب، اے این پی آر ٹیکنالوجی سے چوری شدہ گاڑیوں کی فوری شناخت ممکن، مراد سونی

پیر 24 اگست 2026 21:53

گورنر سندھ کا کمیونٹی پولیسنگ کراچی سینٹر کا دورہ، جدید سرویلنس نظام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ڈیفنس پولیس اسٹیشن میں قائم کمیونٹی پولیسنگ کراچی (سی پی کی) سینٹر کا دورہ کیا، جہاں چیف سی پی کے مراد سونی اور دیگر اراکین نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر گورنر سندھ کو کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے جدید سیکیورٹی اور سرویلنس نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

گورنر سندھ نے مختلف کیمرا سسٹمز، جدید نگرانی کے طریقہ کار اور پولیس کے ساتھ رابطہ کاری کے نظام کا جائزہ لیا۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کراچی میں جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔کمیونٹی پولیسنگ کراچی کا جدید سرویلنس نظام پولیسنگ کو مؤثر اور فعال بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس اور شہریوں کے باہمی تعاون سے کراچی کو مزید محفوظ بنایا جاسکتا ہے، جبکہ شہریوں کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔چیف سی پی کے مراد سونی نے گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں 2 ہزار سے زائد جدید سیکیورٹی کیمرے نصب کیے جاچکے ہیں، جبکہ کمیونٹی پولیسنگ کراچی سینٹر میں خودکار نمبر پلیٹ شناخت (اے این پی آر) کیمروں کے ذریعے گاڑیوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اے این پی آر ٹیکنالوجی کے ذریعے چوری شدہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کی نشاندہی چند سیکنڈ میں ممکن ہے، جبکہ گاڑی سے متعلق معلومات تقریباً 20 سیکنڈ میں حاصل کرکے پولیس کو فراہم کی جاسکتی ہیں۔مراد سونی کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کراچی کا جدید کیمرا نظام پولیس سے براہِ راست منسلک ہے، جبکہ پی ٹی زیڈ کیمرے 360 ڈگری کوریج کے ساتھ تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر تک نگرانی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سی پی کے گرین انیشیٹو کے تحت لیاری ایکسپریس وے کے اطراف 80 ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔ کمیونٹی پولیسنگ کراچی کا وڑن شہر کو صاف ستھرا، سرسبز اور محفوظ بنانا ہے۔مراد سونی نے مزید بتایا کہ اس وڑن کی تکمیل کے لیے سندھ حکومت، پولیس، بلدیاتی اداروں اور دیگر نجی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن کا مقصد شہر میں سیکیورٹی، صفائی، شجرکاری اور شہری سہولیات کے حوالے سے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔