سی ٹی ڈی کی کارروائی، ریڈ بک کے دو دہشت گرد گرفتار

پیر 24 اگست 2026 21:58

سی ٹی ڈی کی کارروائی، ریڈ بک کے دو دہشت گرد گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اگست2026ء) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے حساس ادارے کے اعلیٰ افسر کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت ریڈ بک کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد عزیر طارق سال 2014 سے پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کا نام ریڈ بک میں شامل تھا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ریڈ بک میں نامزد ایک اور مبینہ دہشت گرد ذوالقرنین حیدر کو بھی گرفتار کیا گیا جس کے خلاف لاہور میں دہشت گردی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے روپوش تھے اور حکومت کی جانب سے ان کی سر کی قیمت 5، 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ سی ٹی ڈی نے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جہاں ان سے مزید نیٹ ورک اور ممکنہ کارروائیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔