موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بہتر کردی

ریٹنگ سی ڈبل اے تھری سے بڑھا کر بی تھری، آؤٹ لک مستحکم برقرار

پیر 24 اگست 2026 20:30

موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بہتر کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے اسے سی ڈبل اے تھری (Caa3) سے بڑھا کر بی تھری (B3) کر دیا ہے، جبکہ ملک کی ریٹنگ کا آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا گیا ہے۔موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو ملکی معیشت، مالیاتی استحکام اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ریٹنگ میں بہتری پاکستان کی معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے ریٹنگ اپ گریڈ کیے جانے سے پاکستان کی معیشت کے بارے میں عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک رسائی بھی بہتر ہونے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

موڈیز کے فیصلے سے پاکستان کے لیے بیرونی اور مقامی سطح پر مالی وسائل کے حصول کے امکانات میں بہتری کی توقع ہے۔

معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت میں بہتری ریٹنگ میں اضافے کے اہم عوامل قرار دیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ کریڈٹ ریٹنگ کسی ملک کی قرض لینے اور واجبات کی بروقت ادائیگی کی صلاحیت کے بارے میں عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کو اہم اشارے فراہم کرتی ہے۔ پاکستان کی ریٹنگ میں تازہ بہتری کو معاشی استحکام کے سفر میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔