مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،فاروق عبداللہ

جمعہ 21 اگست 2026 18:05

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی بحالی ان کی جماعت کے سیاسی ایجنڈے میں سرفہرست ہے اور وہ اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ منسوخی کے باوجود نیشنل کانفرنس اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اپنی سیاسی اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے آئینی حقوق کی بحالی کیلئے آواز بلند کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کومتعدد مسائل اور مشکلات لاحق ہیں، جس کا حل ایک مضبوط مینڈیٹ اور مکمل اختیارات کے حامل منتخب حکومت کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، ترقی کو یقینی بنانے اور گورننس کو مستحکم کرنے کیلئے مضبوط حکومت کی اشد ضرورت ہے۔فاروق عبداللہ نے جمہوری اداروں کی مضبوطی اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ عوام کے جائز مطالبات اور حقوق کا تحفظ کیا جائے۔