میڈیا اور عوام کے رش کے باعث بانی پی ٹی آئی کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا،طارق فضل چودھری

اگر احتجاج کرنا ہے تو پشاور میں کر لیں ، پارٹی کو سسٹم کا حصہ رہنا چاہیے ،وفاقی وزیرپارلیمانی امورکی گفتگو

جمعہ 21 اگست 2026 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں، پمز میں ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ حکومت نے عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے تمام انتظامات کیے اور سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اڈیالہ جیل سے نکلتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو پمز اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم میڈیا اور عوام کے رش کے باعث انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہاکہ پمز میں ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور انہیں صحت مند قرار دیا،بانی پی ٹی آئی کی فیملی کی تسلی کے مطابق ان کا معائنہ کیا گیا جبکہ ان کی بہن کی موجودگی میں بھی ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا۔

(جاری ہے)

طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسپتال میں تمام متعلقہ امراض کے ڈاکٹرز موجود تھے اور طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز کی رائے تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں۔انہوںنے کہاکہ بعد ازاں سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی کو دوسرے ہسپتال لے جایا گیا، عمران خان صحت مند ہیں، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت مخالف بیانیے کا کوئی علاج نہیں۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی میں انتہائی پرتشدد احتجاج کر چکی ہے، اس لیے اس سے پرامن احتجاج کی امید نہیں۔طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو شرپسندی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر احتجاج کرنا ہے تو پشاور میں کر لیں اور پارٹی کو سسٹم کا حصہ رہنا چاہیے جب کہ عدالتی فیصلے کی وضاحت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔