آئی فون کی ضد نے ماں باپ اور بیٹے کی جان لے لی

پہاڑ کی چوٹی پر ناراض کھڑے بیٹے کو باپ نے بچانے کی کوشش کی تو دونوں کھائی میں جاگرے، ماں نے صدمے میں چھلانگ لگا دی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 اگست 2026 15:02

آئی فون کی ضد نے ماں باپ اور بیٹے کی جان لے لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست 2026ء) بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر چھترپتی سمبھاجی نگر کے علاقے تیس گاؤں کی ایک پہاڑی پر آئی فون کی قسط کی ادائیگی کے معمولی تنازعہ نے ایک ایسا لرزہ خیز اور عبرتناک رخ اختیار کرلیا جس نے ایک ہنستے بستے خاندان کا وجود ہی ختم کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 18 سالہ نوجوان کنال نے کچھ عرصے قبل ایک آئی فون خریدا، جس کی ماہانہ قسط ادا کرنے کے لیے اس کے پاس رقم موجود نہیں تھی، قسط کی رقم کا مطالبہ کرنے پر ڈرائیور والد مرلی دھر سے اس کا شدید جھگڑا ہوا، جس کے بعد وہ غصے میں آ کر صبح تقریباً 10 بجے قریب ہی واقع ایک خطرناک اور بلند پہاڑی پر جا چڑھا اور وہاں سے کودنے کی دھمکی دینے لگا، والدین، مقامی دیہاتی، پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، تقریباً تین گھنٹے تک نوجوان کو سمجھانے کی کوششیں کی جاتی رہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ مقامی افراد نے اس کی منتیں کیں، یہاں تک کہ اس کی ماں کی دہائی دی گئی اور بعض افراد نے اسے نیا 'آئی فون 15 پرو' تک لے کر دینے کا یقین دلایا لیکن جنونیت میں مبتلا کنال خطرناک کنارے سے پیچھے ہٹنے پر تیار نہ ہوا، تقریباً دوپہر 1 بجے کے قریب جب طویل منت سماجت کا کوئی اثر نہ ہوا، تو والد نے آگے بڑھ کر اپنے بیٹے کو پیچھے کھینچنے کی آخری کوشش کی، اس کوشش میں بدقسمتی سے دونوں کا توازن بگڑ گیا اور وہ تقریباً 300 فٹ گہری کھائی میں جا گرے۔

معلوم ہوا ہے کہ اپنی آنکھوں کے سامنے شوہر اور بیٹے کو گرتا دیکھ کر شدید صدمے سے بدحواس ماں سنگیتا نے بھی چند لمحوں بعد پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگا دی، انتہائی بلندی سے گرنے کے باعث خاندان کے تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔،پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، اس دل دہلا دینے والے واقعے نے جہاں سوشل میڈیا اور مقامی آبادی کو ہللا کر رکھ دیا، وہیں جدید ٹیکنالوجی کی اندھی تقلید اور نوجوان نسل کی نفسیاتی کمزوریوں پر بھی گہرے سوالات اٹھا دیئے ہیں۔