ایبٹ آباد،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1میں شجرکاری و صفائی مہم کاانعقاد

اتوار 23 اگست 2026 11:22

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2026ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر 1 ایبٹ آباد میں کالج انتظامیہ کے زیرِ اہتمام اور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی آمنہ سردار، کنٹونمنٹ بورڈ، محکمہ زراعت اور واسا ایبٹ آباد کے تعاون سے کالج کیمپس اور ملحقہ علاقوں میں شجرکاری اور صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا۔مہم میں کالج کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا، شعبہ انگریزی، نباتیات، کیمسٹری، تاریخ سمیت دیگر شعبہ جات کے اساتذہ بھی سرگرمیوں میں شریک ہوئے۔

شرکاء نے جوش و جذبہ کے ساتھ پودے لگائے اور صفائی کے عمل میں حصہ لیتے ہوئے ماحول کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے عزم کا اظہار کیا آمنہ سردار اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل نے آگاہی واک کی قیادت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء کو ماحولیاتی تحفظ، صفائی ستھرائی اور اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ صاف اور سرسبز ماحول نہ صرف صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

مہم کا مقصد طلبہ اور عام شہریوں میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا اور صفائی و شجرکاری کو فروغ دے کر پائیدار اور صحت مند معاشرے کے قیام میں کردار ادا کرنا ہے۔اس موقع پر کالج انتظامیہ، طلبہ، اساتذہ اور تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔