کراچی پریس کلب کے 639 اراکین کیلئے ہاکس بے پلاٹس کی قرعہ اندازی

پلاٹس پر تعمیرات کے لیے بینک قرض کی سہولت آسان اقساط پر فراہم کرنے کے معاملے پر بھی کام کیا جا رہا ہے،سید ناصرر حسین شاہ

اتوار 23 اگست 2026 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2026ء) کراچی پریس کلب کے نئے اراکین کے لیے ہاکس بے اسکیم میں پلاٹس کی قرعہ اندازی کی تقریب کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان، ڈی جی ایل ڈی اے اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خدمت اور سب کی بھلائی کے وڑن کے تحت کام کر رہی ہے۔ کراچی پریس کلب کے نئے اراکین کے لیے پلاٹس کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے اور آج ایک اہم وعدہ پورا ہونے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کے تیسرے فیز کے تحت ہاکس بے اسکیم کو شاہراہِ بھٹو سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ ہاکس بے کی موجودہ سڑکوں سے تجاوزات کے خاتمے کا کام بھی جاری ہے، جس سے علاقے میں آمدورفت مزید آسان ہوگی۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پلاٹس پر تعمیرات کے لیے بینک قرض کی سہولت آسان اقساط پر فراہم کرنے کے معاملے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے تمام اراکین کو پلاٹس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کے مطابق کراچی کی خدمت اور شہریوں کی فلاح کے لیے اقدامات کررہی ہے۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ آج ایک بڑے وعدے کی تکمیل کا دن ہے۔

پلاٹس کی فراہمی کے لیے تعاون پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر سعید غنی کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق سیکریٹری رضوان بھٹی اور سابق صدر سعید سربازی کے ادوار میں بھی پلاٹس کے معاملے پر کافی کام ہوا۔ آج ان تمام کوششوں کی بدولت ایک وعدہ پورا ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے پلاٹس حاصل کرنے والے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صوبائی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان نے صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی پریس کلب کے تمام کونسل ممبران پلاٹ ہولڈر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پلاٹس کے حصول کی جدوجہد کے دوران جب بھی صوبائی وزرا سے ملاقات اور تعاون کی درخواست کی گئی، انہوں نے بھرپور تعاون کیا۔

اسلم خان نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی کوشش ہے کہ پلاٹس کی قرعہ اندازی مکمل طور پر شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہو۔ ہاکس بے پلاٹس کی قرعہ اندازی میں کراچی پریس کلب کے 639 اراکین شامل ہیں، جو کلب کی تاریخ میں اراکین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔قرعہ اندازی کی تقریب میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ پلاٹس کی قرعہ اندازی کے موقع پر کراچی پریس کلب کے اراکین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔