میڈیکل ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کا نیورو سرجیکل یونٹس کا دورہ،مریضوں کی دیکھ بھال، ادویات و عملے کی دستیابی بارے جائزہ لیا

پیر 24 اگست 2026 13:32

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2026ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے میڈیکل ڈائریکٹر نے رات گئے نیورو سرجیکل یونٹس کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کی دیکھ بھال، سٹاف کی کمی، ادویات کی دستیابی و ڈاکٹرز کی موجودگی کے بارے میں جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں مریضوں، ان کے تیمارداروں و ڈیوٹی پر موجود عملے سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

میڈیکل ڈائریکٹر نے نیورو سرجیکل یونٹس میں مریضوں کی غیر معمولی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ تعداد ان یونٹس کی گنجائش سے کہیں زیادہ دکھائی دے رہی ہے جس کے باعث مریضوں کی معیاری نگہداشت اور طبی عملے کے کام کے ماحول پر اضافی دباؤ پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے جونیئر ڈاکٹرز کی نگرانی کے نظام کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تجربہ کار رجسٹرار کو فوری طور پر نیورو سرجیکل بی یونٹ میں شام کا راؤنڈ کرنے اور مریضوں سے متعلق ضروری طبی و انتظامی فیصلے کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈیوٹی پر موجود جونیئر ڈاکٹرز کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ ہر مریض کی مکمل ہسٹری مرتب کی جائے اور تمام شدید نوعیت کے ایمرجنسی داخلوں کو آن کال رجسٹرار کے ساتھ لازماً ڈسکس کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو بروقت، محفوظ، معیاری اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے انتظامیہ، فیکلٹی، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور دیگر تمام متعلقہ شعبوں کو مشترکہ ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :