ہونڈا کی ایکسچینج سہولت، پرانی سی ڈی 70 دے کر نئی موٹر سائیکل حاصل کرنے کا موقع

پیر 24 اگست 2026 15:41

ہونڈا کی ایکسچینج سہولت، پرانی سی ڈی 70 دے کر نئی موٹر سائیکل حاصل کرنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکل صارفین کے لیے پرانی ہونڈا سی ڈی 70 کے عوض نئی سی ڈی 70 حاصل کرنے کی ایکسچینج سہولت متعارف کرائی ہے، جس سے پرانی موٹر سائیکل تبدیل کرنے کے خواہش مند صارفین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اس سہولت کے تحت صارف کو اپنی پرانی ہونڈا سی ڈی 70 کمپنی کی مجاز تھری ایس ڈیلرشپ پر لے جانا ہوگا، جہاں تکنیکی ٹیم موٹر سائیکل کے انجن، فریم، مکینیکل اور مجموعی حالت کا معائنہ کرے گی۔

اس جائزے کی بنیاد پر پرانی موٹر سائیکل کی قیمت مقرر کی جائے گی۔طے شدہ قیمت کو نئی سی ڈی 70 کی قیمت میں ایڈجسٹ کیا جائے گا اور صارف کو صرف باقی رقم ادا کرنا ہوگی۔ کمپنی کے پرانے ریکارڈ کے مطابق اس کے تھری ایس ڈیلرشپ نیٹ ورک میں دوسری استعمال شدہ موٹر سائیکل کے تبادلے کی سہولت بھی شامل رہی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق نئی ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے بتائی گئی ہے، تاہم پرانی موٹر سائیکل کی قیمت مقرر نہیں ہوگی بلکہ اس کے ماڈل، انجن و مکینیکل حالت، ظاہری حالت اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی جائے گی۔

اس ایکسچینج سہولت سے ایسے صارفین کو فائدہ ہوسکتا ہے جو پرانی موٹر سائیکل فروخت کرنے کے بجائے براہِ راست ڈیلرشپ کے ذریعے اسے تبدیل کرکے نئی موٹر سائیکل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اٹلس ہونڈا کے مطابق اس کے مجاز ڈیلرشپس میں فروخت، سروس، اسپیئر پارٹس اور استعمال شدہ موٹر سائیکل کے تبادلے سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں۔صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایکسچینج کی شرائط، پرانی موٹر سائیکل کی قیمت اور نئی موٹر سائیکل کی حتمی ادائیگی کی تفصیلات کے لیے اپنے قریبی مجاز اٹلس ہونڈا ڈیلر سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :