آزاد کشمیر میں بنیادی سہولیات اور معیار زندگی بہتر ہونے کا دعویٰ

منگل 25 اگست 2026 21:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2026ء) آزاد جموں و کشمیر میں بنیادی سہولیات اور معیارِ زندگی کے حوالے سے شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں بجلی، آٹے کے نرخ، سڑکوں کے نیٹ ورک، تعلیم، صحت اور ٹیلی کمیونیکیشن سمیت مختلف شعبوں میں دستیاب سہولیات پاکستان کے دیگر حصوں کے مقابلے میں بہتر ہیں۔

شہریوں کے مطابق دشوار گزار جغرافیے کے باوجود آزاد کشمیر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی ریلیف کے اقدامات قابلِ ذکر ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں بجلی کے بنیادی ٹیرف، آٹے کی قیمت اور دیگر ضروری سہولیات کے حوالے سے عوام کو نسبتاً زیادہ ریلیف حاصل ہے۔ ان کے مطابق بجلی کا بنیادی ریٹ تقریباً 3 روپے فی یونٹ ہے، جبکہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں ٹیکسز، سرچارجز اور مختلف ایڈجسٹمنٹس کے باعث بجلی کی مجموعی قیمت کئی گنا زیادہ ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

آٹے کے حوالے سے بھی شہریوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 1100 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے عام آدمی کو نمایاں ریلیف مل رہا ہے۔شہریوں کے مطابق آزاد کشمیر کا دشوار گزار پہاڑی جغرافیہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم اس کے باوجود خطے میں سڑکوں کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے جو مختلف اضلاع اور دور دراز علاقوں کو آپس میں ملاتا ہے اور عوام کی آمدورفت کو آسان بناتا ہے۔

تعلیم کے شعبے میں بھی شہریوں نے آزاد کشمیر کی صورتحال کو دیگر علاقوں کے مقابلے میں بہتر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ خطے کی شرح خواندگی تقریباً 77.8 فیصد ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر کے محدود رقبے کے باوجود یہاں سیکڑوں کالجز اور متعدد جامعات موجود ہیں، جو تعلیمی اداروں اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے بہتر مواقع کی عکاسی کرتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئی ہے، جبکہ دور افتادہ علاقوں تک صحت اور دیگر ضروری خدمات کی رسائی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ٹیلی کمیونیکیشن کے حوالے سے شہریوں نے بتایا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے باوجود نیلم ویلی، جہلم ویلی اور دیگر دور دراز علاقوں تک موبائل فون اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات پہنچ چکی ہیں، جس سے عوام کے رابطے اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔شہریوں کے مطابق آزاد کشمیر میں بجلی، خوراک، تعلیم، سڑکوں اور مواصلات کے شعبوں میں دستیاب سہولیات عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کی عکاسی کرتی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ خطے میں بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی عمل کو مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔