بیوروکریسی کی بدسلوکی کے خلاف بارہمولہ کے وکلاء کی سوپور احتجاج کی حمایت

بارہمولہ کے وکلا ء کا احتجاج میں شامل ہونا ضلع بھر کے وکلا ء کے درمیان یکجہتی کا بھی مظہر ہے

جمعرات 27 اگست 2026 11:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2026ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کی مسلط کردہ بیوروکریسی کے توہین آمیز اور آمرانہ رویے کے خلاف وکلاء برادری میں دن بدن بے چینی بڑھ رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن بارہمولہ نے بار ایسوسی ایشن سوپور کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مقامی وکلاء کے ساتھ سوپور کے تحصیلدار کے ناروا اور توہین آمیز سلوک کے خلاف جاری احتجاج میں شرکت کی ہے۔

بار ایسوسی ایشن بارہمولہ نے سوپور کی وکلاء برادری کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وکلا ء کے وقار، احترام اور حقوق کا تحفظ ضروری ہے، جبکہ قابض حکام پر لازم ہے کہ وہ وکلا ء کے ساتھ معاملات کرتے ہوئے پیشہ ورانہ طرزِ عمل برقرار رکھیں۔

(جاری ہے)

یہ پیش رفت سوپور بار کی جانب سے جاری احتجاج کے دوران سامنے آئی ہے جس میں توہین آمیز سلوک پر تحصیلدار کے خلاف مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

سوپور بار کو ملنے والی حمایت وکلاء برادری میں بیوروکریسی کے طرزِ عمل اور ادارہ جاتی احترام کے مسلمہ اصولوں کو نظر انداز کیے جانے پر بڑھتی تشویش کی عکاسی کرتی ہے۔ بارہمولہ کے وکلا ء کا احتجاج میں شامل ہونا ضلع بھر کے وکلا ء کے درمیان یکجہتی کا بھی مظہر ہے۔وکلا ء نے کہا کہ قانونی پیشے کا احترام، عدالتی اداروں کی آزادی اور ان کے وقار کا تحفظ قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔