شانگلہ پولیس کا امن و امان کے حوالے علماء کرام کے ساتھ امن جرگہ ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کاعزم

جمعرات 27 اگست 2026 19:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2026ء) ضلع شانگلہ میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جرگہ ہال الپوری میں علماء کرام کے ساتھ ایک اہم امن جرگہ منعقد ہوا۔ ترجمان شانگلہ پولیس کے مطابق جرگہ میں ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد عبداللہ شاہ، ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی، ایس پی انویسٹی گیشن شانگلہ سلیم امان اللہ خان، ایس پی ہیڈ کوارٹر شانگلہ محمد بشر خان، ایس ڈی پی او الپوری احسان اللہ، ایس ایچ او تھانہ الپوری محمد عارف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جاوید نے ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد علماء کرام نے باری باری خطاب کرتے ہوئے قیامِ امن کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد عبداللہ شاہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امن و امان کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی اور معاشرے کے تمام طبقات، بالخصوص علماء کرام کے کردار کو امن کے قیام کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔

ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن اور بھائی چارہ ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منبر صرف خطاب کی جگہ نہیں بلکہ اصلاح، تربیت اور کردار سازی کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے، لہٰذا منبر پر محبت، بھائی چارے اور امن کا پیغام عام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع شانگلہ میں امن و امان کے قیام کی ذمہ داری صرف ضلعی انتظامیہ اور پولیس پر عائد نہیں ہوتی بلکہ عوام اور خصوصاً علماء کرام کا بھی اس سلسلے میں نہایت اہم کردار ہے۔

ڈی پی او شانگلہ نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ صرف مصدقہ اور مستند اطلاعات کو آگے بڑھائیں۔ ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے مزید کہا کہ شانگلہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے اور ان شاء اللہ شہریوں کی عزت، جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ جرگہ کے اختتام پر شرکاء نے ضلع شانگلہ میں پائیدار امن، بھائی چارے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور شانگلہ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔