نوشہرہ ،زیر زمین پانی کی سطح بلند کرنے کیلئے رین واٹر ہارویسٹنگ منصوبے شروع

دنیا بھر میں پانی کی کمی سنگین مسئلہ بن رہی ،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنیوالے برسوں میں پانی کی اہمیت مزید بڑھ جائیگی،ڈپٹی کمشنر نوشہرہ گوہر زمان وزیر

جمعہ 28 اگست 2026 19:40

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) پانی کے بڑھتے بحران اور زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کے پیش نظر نوشہرہ میں بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچا کر زیرِ زمین ذخائر تک پہنچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر رین واٹر ہارویسٹنگ منصوبے شروع کردیئے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر نوشہرہ گوہر زمان وزیر نے ضلع بھر میں پانی کی قلت پر قابو پانے اور مستقبل میں پیدا ہونے والے آبی بحران سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات تیز کردیئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر سرکاری اداروں، پبلک ہیلتھ، سرکاری سکولوں اور دیگر موزوں مقامات پر بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور اسے زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں شامل کرنے کے لیے مختلف مقامات کا سروے بھی شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی مرحلے میں تین رین واٹر ہارویسٹنگ منصوبوں پر باقاعدہ کام شروع کیا گیا، جن میں سے دو منصوبے کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

ماہرین کے مطابق رین واٹر ہارویسٹنگ کے ذریعے بارش کے پانی کو نالیوں اور دریاں میں ضائع ہونے سے روک کر مناسب طریقہ کار کے تحت زمین میں جذب کیا جاسکتا ہے جس سے زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے، زرعی ضروریات پوری کرنے اور مستقبل میں پینے کے پانی کی دستیابی یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نوشہرہ گوہر زمان وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں اس وقت پانی کی کمی ایک سنگین مسئلہ بن رہی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے برسوں میں پانی کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر نوشہرہ میں پانی کے تحفظ کے لیے بڑے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں سروے کرایا جارہا ہے تاکہ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جاسکے جہاں بارش کے پانی کو مثر انداز میں محفوظ کرکے زیر زمین پانی کی سطح بلند کرنے میں مدد مل سکے۔ گوہر زمان وزیر کے مطابق رین واٹر ہارویسٹنگ صرف پانی ذخیرہ کرنے کا منصوبہ نہیں بلکہ نوشہرہ کے مستقبل کو ممکنہ آبی بحران سے محفوظ بنانے کی کوشش ہے، جس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو نوشہرہ میں مستقبل کے آبی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔ اگر منصوبے کو بڑے پیمانے پر سرکاری عمارتوں، سکولوں، گھروں، زرعی علاقوں اور دیگر موزوں مقامات تک وسعت دی گئی تو ہر بارش کے بعد بہہ جانے والا لاکھوں گیلن پانی زیرِ زمین ذخائر کی بحالی میں استعمال ہوسکتا ہے۔