قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موک ایکسرسائزکا انعقاد

ہفتہ 29 اگست 2026 00:20

پبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2026ء) قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ میں کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے فوری اور موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے جامع موک ایکسرسائز (عملی مشق)کا انعقاد کیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں پمز ہسپتال اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد صوبائی حکومت اور بورڈ آف گورنرز کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں یہ مشق منعقد کی گئی۔

(جاری ہے)

موک ایکسرسائز ہسپتال کی اعلی قیادت کی براہِ راست نگرانی میں کی گئی، جس میں ڈین و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر زاہد خان، ہسپتال ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمزاللہ خان اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سردار سہیل افسر شامل تھے۔مشق کا بنیادی مقصد ہسپتال کے عملے کی پیشہ ورانہ تیاریوں کو جانچنا اور انہیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھنا تھا۔ اس دوران ہسپتال کے عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت دی گئی جبکہ فائر فائٹنگ اور آگ پر قابو پانے کے طریقوں کی مشق بھی کرائی گئی۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا سیکیورٹی بریک ڈان کی صورت میں مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی متعدد مشقیں بھی کرائی گئیں۔