ڈپٹی کمشنر ملتان کا مدنی پارک کا دورہ ،سہولیات، صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس اور شجرکاری کے انتظامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 29 اگست 2026 20:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2026ء) ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے مدنی پارک کا دورہ کر کے پارک میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس اور شجرکاری کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ایم ڈی پی ایچ اے محمد وسیم بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے پارک کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے پودوں اور درختوں کی نگہداشت، سبزہ، پھولوں کی کیاریوں، واکنگ ٹریکس، روشنی کے انتظامات، بیٹھنے کی جگہوں، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی کہ مدنی پارک سمیت شہر کے تمام پارکس میں شجرکاری کو مزید فروغ دیا جائے اور زیادہ سے زیادہ سایہ دار، پھل دار اور خوبصورت پودے لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول میسر آسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شجرکاری صرف پودے لگانے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال، بروقت پانی اور ان کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے پارک میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں کیلئے تفریحی و صحت مند سرگرمیوں کے مواقع بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارکس شہریوں کیلئے صحت مند تفریح اور ذہنی سکون کا اہم ذریعہ ہیں، اس لیے ان کی خوبصورتی، صفائی اور سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارک کے گرین ایریاز کی مناسب دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ بیوٹیفکیشن کے اقدامات کو بھی تیز کیا جائے۔

ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ملتان کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ شہر میں جاری بیوٹیفکیشن اور شجرکاری مہم کے تحت عوامی مقامات، پارکس اور گرین بیلٹس کو مزید سرسبز و شاداب بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بہترین ماحول اور معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔