استنبول کے قریب بحیرہ مرمرہ میں2 تجارتی بحری جہاز وں میں تصادم ، عملے کے 10 ارکان لاپتہ

بدھ 2 ستمبر 2026 12:04

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2026ء) ترکیہ کے شہر استنبول کے قریب بحیرہ مرمرہ میں2 ترک تجارتی بحری جہاز وں میں تصادم سے عملے کے 10 ارکان لاپتہ ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق استنبول کے گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3 بجے استنبول کے ضلع سیلیوری کے جنوب میں پیش آیا۔

حادثے میں تجارتی جہاز السُو اور توگبرک امام اوغلو ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔

(جاری ہے)

تجارتی جہاز السُو شمال مغربی صوبے کوجائلی سے ازمیر صوبے کے ضلع علی آغا کی جانب جا رہا تھا جبکہ توگبرک امام اوغلو جنوبی بندرگاہ اسکندرون سے بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع کارادینیز ایریغلی کی طرف روانہ تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ حکام کا توگبرک امام اوغلو اور اس کے 10 رکنی عملے سے رابطہ قائم نہیں ہو سکا۔ ابتدائی جائزے کے مطابق دوسرے جہاز السُو کو بظاہر کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ حکام نے علاقے میں بحریہ کے متعدد یونٹس روانہ کر دیئے ہیں جبکہ تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :