Live Updates

دبئی پولیس نے نوجوان کو ڈوبنے سے بچانے والے غیر ملکی کو اعزاز سے نوازا

اماراتی حکام نے اعلی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش اور انسانی جان کو بچانے پر غیر ملکی شہری کا شکریہ بھی ادا کیا

بدھ 2 ستمبر 2026 17:24

دبئی پولیس نے نوجوان کو ڈوبنے سے بچانے والے غیر ملکی کو اعزاز سے نوازا
دبئی  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2026ء) اعلی انسانی اقدار کے فروغ اور انسانیت کی تکریم پر دبئی پولیس نے غیر ملکی کو اعزاز و تکریم سے نوازا ۔دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ جنرل ہیڈ کواٹر ز کی جانب سے کمیونٹی کے ساتھ تعاون کرنے والے شہریوں و غیر ملکیوں کی حوصلہ افزائی کے تحت سعودی شہری عبدالرزاق بن زعال الرویلی کو اس اعزاز سے نواز ا گیا ۔

سعودی شہری کے لئے یہ اعزاز دبئی کریک میں ڈوبنے والے ایک نوجوان کی جان بچانے اور بروقت اقدام کو سراہنے کے لئے دیا گیا ہے ۔ دبئی پولیس بریگیڈیئر حسن سہیل نے غیر ملکی شہری کے اس اعلی انسانی جذبے اور طرز عمل کو سہراہتے ہوئے اسے بہادی اور انسانیت کی اعلی مثال قرار دی ۔ حسن سہیل کا کہنا تھا کہ یہ عمل کمیونٹی کے ارکان کی سلامتی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں بطور شراکت اور بہترین فعال کردار کی عکاسی کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اماراتی شہریوں پر زوردیا کہ ایسی قابل ستائش اوصاف کو اپنانا اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی ضرورت مند کی مدد کرنا ہر ذمہ دار شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ دوسری جانب سعودی شہری نے اس اعزاز پر دبئی پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ستائش کی ۔ الرویلی کا کہنا تھا کہ ان کا عمل انسانی اور سماجی فرض کے احساس کا نتیجہ ہے ، تاہم اس کام کے بعد دبئی پولیس کا یہ اقدام کمیونٹی کے لئے مسلسل خدمات اور کوششوں کی عکاسی کرتا ہے ۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات