وادی سرن میں 5 روز سے لاپتہ غیر ملکی کوہ پیما الیگزینڈر کی نعش جنگلات سے برآمد

بدھ 2 ستمبر 2026 19:24

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2026ء) وادی سرن میں 5روز سے لاپتہ غیر ملکی کوہ پیما الیگزینڈر کی نعش پراچہ کٹھہ کے جنگلات سے برآمد کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق ضلع مانسہرہ کی وادی سرن میں موسی کا مصلی کی چوٹی سر کرنے کے دوران لاپتہ ہونے والے غیر ملکی کوہ پیما الیگزینڈر کی نعش 5 روزہ سرچ آپریشن کے بعد پراچہ کٹھہ کے جنگلات سے برآمد کرلی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق نعش کو مقامی افراد کی مدد سے تحویل میں لے کر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔ذرائع کے مطابق برطانوی شہری الیگزینڈر اپنے کوہ پیما ساتھی ایلن ڈیوڈ کوپر کے ہمراہ 28اگست کو گلگت بلتستان سے منڈا کچہ پہنچا تھا۔

(جاری ہے)

دونوں نے 29اگست کو 13ہزار 500فٹ بلند موسی کا مصلی کی چوٹی سر کرنے کی مہم شروع کی۔

واپسی کے دوران 3روز قبل شدید دھند اور خراب موسم کے باعث الیگزینڈر اپنے ساتھی سے بچھڑ گیا تھا۔الیگزینڈر کے لاپتہ ہونے کے فورا بعد ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا، جو آج نعش کی برآمدگی پر اختتام پذیر ہوا۔ دوسری جانب الیگزینڈر کا ساتھی ایلن ڈیوڈ کوپر 3 روز قبل ہی باحفاظت منڈا کچہ واپس پہنچ چکا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ عنوان :