گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے عنوان سے اجلاس، شرکا نے تجربات، آراء اور تجاویز پیش کیں

بدھ 2 ستمبر 2026 19:38

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2026ء) گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے عنوان سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ای وی کے ٹو سی این آر کے زیر اہتمام اجلاس میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، محکمہ منصوبہ بندی و ترقی، محکمہ سیاحت، گلگت بلتستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (جی بی ای پی اے)، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے)، آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (اے کے آر ایس پی) اور محکمہ زراعت کے نمائندوں اور ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد ’’واٹر فار ڈویلپمنٹ‘‘ منصوبے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو آگاہی فراہم کرنا اور گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی کمزوریوں اور خطرات کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس میں شرکاء نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق اپنے تجربات، آراء اور تجاویز پیش کیں، جو منصوبے کے تحت ابتدائی مطالعاتی رپورٹ کی تیاری میں معاون ثابت ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ’’موسمیاتی محافظ کے طور پر پہاڑی علاقوں کی ترقی‘‘کے عنوان سے اقدام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے واٹر فار ڈویلپمنٹ منصوبے کے تحت ای وی کے ٹو سی این آر کی کاوشوں کو سراہا۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں اور ماہرین کے درمیان مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا جبکہ تحقیق اور تجربات کی بنیاد پر حکومت گلگت بلتستان کو پالیسی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔واٹر فار ڈویلپمنٹ منصوبہ ای وی کے ٹو سی این آر کے زیر انتظام اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے جبکہ اس کے لیے مالی معاونت حکومت اٹلی فراہم کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :