Live Updates

وفاقی وزیرمحمد حنیف عباسی کا رسالپور فیکٹری کا دورہ، اے جی ای 30 کی ترجیحی تیاری اور 31 دسمبر تک تمام ٹرینوں کے ساتھ فعال بریکینگ سسٹم یقینی بنانے کی ہدایات

بدھ 2 ستمبر 2026 21:55

وفاقی وزیرمحمد حنیف عباسی کا رسالپور فیکٹری کا دورہ، اے جی ای 30  کی ..
رسالپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2026ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اے جی 30 پراجیکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے، جنوری 2027 سے 400 ہاپر ویگنوں کی تیاری شروع کرنے اور 31 دسمبر تک ٹرینوں کی ڈیرِیل کے اسباب کے سدباب کی حتمی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رسالپور لوکوموٹیو فیکٹری کو عالمی معیار پر لا کر اس کی 100 فیصد پیداواری صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے جبکہ نجی شعبے کے لئے بھی یہاں مصنوعات تیار کی جائیں۔

انہوں نے یہ ہدایات پاکستان لوکوموٹیو فیکٹری رسالپور کے دورے کے موقع پر جاری کیں جہاں سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر حفیظ اللہ خان، منیجنگ ڈائریکٹر فیکٹری اسد چشتی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وفاقی وزیر کو دی گئی تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ درآمدات کے متبادل کے طور پر فیکٹری میں مختلف لوکوموٹیوز کے 300 سپیئر پارٹس مقامی سطح پر تیار کئے گئے ہیں جس سے 2.6 ارب روپے کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق ریلوے انجنوں کو جدید اور ای ایف آئی سسٹم پر منتقلی کے ایس آر-100 پراجیکٹ کے تحت 15 عدد AGE-30 لوکوموٹیوز کی جدید کاری، 2 حادثاتی انجنوں کی بحالی اور ڈیزل سپیئرز کی مسلسل مینوفیکچرنگ جاری ہے جبکہ ستمبر 2026 سے مارچ 2027 تک AGE-30 کے 16 ڈیزل الیکٹرک لوکوموٹیوز کی مرحلہ وار بحالی اور ٹرن آؤٹ کا پلان بھی زیرِ عمل ہے۔ اس کے علاوہ 820 ہاپر ویگنز منصوبے کے تحت رسالپور فیکٹری کو تفویض کردہ 230 اوپن ٹاپ ویگنز (ZBKCs) میں سے 147 تیار ہو چکی ہیں اور بقیہ 83 ویگنز 30 نومبر 2026 تک مرحلہ وار مکمل کر لی جائیں گی۔

وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم، بیوروکریسی اور متعلقہ وزارتیں ریلوے کی بحالی اور تیز رفتار ترقی کے لئے مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے رسالپور فیکٹری کو قومی ریلوے کا اہم اثاثہ اور وقار قرار دیتے ہوئے ورکرز و انجینئرز کی انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عملے کو پیداواری اہداف حاصل کرنے کے لئے تمام درکار وسائل اور سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات