اسلام آباد پولیس کا کریک ڈائون، 22جرائم پیشہ عناصر گرفتار، منشیات اور اسلحہ برآمد

اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے،ایس ایس پی آپریشنز شہر کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15پر فوری اطلاع دیں ،قاضی علی رضا

بدھ 2 ستمبر 2026 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2026ء) اسلام آباد پولیس نے جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے موثر کریک ڈان کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث عدالتی مفروران اور مجرمان اشتہاریوں سمیت 22 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈان جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کی مختلف ٹیموں نے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 19ملزمان کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1,188گرام آئس، 2,865 گرام چرس، 630گرام ہیروئن اور مختلف بور کے 8 پستول معہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مجرمان اشتہاری، سابقہ ریکارڈ یافتہ اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 3مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔

اسلام آباد پولیس کی نو ٹو ویپن مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں، سابقہ ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر فوری اطلاع دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔