کراچی ڈیفنس نوجوان تشدد کیس؛ مرکزی ملزم سمیت 2 گرفتار، مقدمہ درج

مجھے گاڑی میں ڈال کر لے گئے، تشدد کے دوران ایک شخص پستول تان کر کھڑا رہا اور میرے والٹ اکاؤنٹ سے آن لائن شاپنگ کی؛ متاثرہ نوجوان علی جعفری کے انکشافات

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 5 ستمبر 2026 11:23

کراچی ڈیفنس نوجوان تشدد کیس؛ مرکزی ملزم سمیت 2 گرفتار، مقدمہ درج
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر 2026ء) کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں نوجوان پر وحشیانہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد واقعے کا مقدمہ متاثرہ نوجوان کی مدعیت میں ساحل پولیس اسٹیشن میں درج کر لیا گیا، پولیس نے مرکزی ملزم ابراہیم اور ملزم وقار کو گرفتار کرلیا، متاثرہ نوجوان علی جعفری کا بیان ریکارڈ کرکے مقدمہ ساحل تھانے میں درج کیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ تشدد میں ملوث مرکزی ملزم ابراہیم کو حراست میں لے لیا گیا، متاثرہ نوجوان علی جعفری نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا اور اس کی مدعیت میں تھانہ ساحل میں باقاعدہ قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرلی گئی، مقدمے میں اقدام قتل، تشدد، جان سے مارنے کی دھمکی، عزت مجروح کرنا اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ نوجوان علی جعفری نے واقعے کی تفصیلات میں بتایا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ ڈیفنس فیز 6 میں کھانا کھانے اور گیمنگ کے لیے گیا جہاں سے مجھے زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے جایا گیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تشدد کے دوران ایک شخص اس پر پستول تان کر کھڑا رہا، ملزمان اس سے معافی مانگنے کا دباؤ ڈالتے رہے اور اس کے آن لائن والٹ اکاؤنٹ کا استعمال کرتے ہوئے زبردستی خریداری بھی کی۔

اس نے مزید کہا کہ میرے ابو دل کے مریض ہیں اور میرا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، ایف آئی آر درج کرانے میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ مجھے اور میرے گھر والوں کو مسلسل سنگین دھمکیاں دی جا رہی تھیں، ملزمان کے ساتھ پیسوں کے لین دین کا کوئی معاملہ تھا اور نہ ہی انہیں پہلے سے جانتا تھا، مجھے گاڑی میں بٹھائے جانے کے بعد ان کے نام معلوم ہوئے، مجھے صرف اور صرف انصاف فراہم کیا جائے۔

خیال رہے کہ کراچی ڈیفنس میں کم عمر نوجوان پر تین افراد نے بیہمانہ تشدد کیا، تشدد کا یہ واقعہ ساحل تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں ابراہیم ملک نامی ملزم کم نوجوان علی کو پہلے بخاری لایا پھر اسے زبردستی اٹھا کر ساحل تھانے کی حدود میں لے گئے جہاں پر نوجوان کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تشدد کرنے والے ملزمان میں ابراہیم ملک سمیت دیگر بھی شامل تھے، ملزمان نے نوجوان پر تشدد کیا، نوجوان کے بال کاٹ دیئے پھر زبردستی بال کاٹ کر کھلائے گئے، نوجوان کو کہا گیا کہ خود کو گالیاں دو۔