یونیورسٹی آف لاہورکی بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی،2ایمی اسپائر ایوارڈجیت لئے

بدھ 9 ستمبر 2026 18:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) دی یونیورسٹی آف لاہور کے ذیلی میڈیکل تعلیمی ادارہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری نے طبی تعلیم کے شعبے میں دو بین الاقوامی ’’اسپائر ایوارڈز‘‘ اپنے نام کر لیے ہیں۔ یو سی ایم ڈی نے آسٹریا کے شہر ویانا میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے دوران ایسوسی ایشن فار میڈیکل ایجوکیشن ان یورپ کے تحت اسٹوڈنٹ انگیجمنٹ اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوںمیں یہ شاندار کامیابی حاصل کی جس کے اعزاز میں یونیورسٹی آف لاہور میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز عزیر رف، ریکٹر دی یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، پرنسپل یو سی ایم ڈی، پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، ڈین آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر مغیث احمد بیگ سمیت فیکلٹی ممبران اور اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے یو سی ایم ڈی کی فیکلٹی اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی اعتراف یونیورسٹی کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی تعلیمی اثر و رسوخ کا مظہر ہے اور اعلی تعلیم میں معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید تدریسی اسالیب اور طلبہ و طالبات کی ہمہ جہت ترقی پر مسلسل سرمایہ کاری کے باعث ممکن ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز عزیر رئوف نے یو سی ایم ڈی کیجانب سے دو بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرنے کو یونیورسٹی آف لاہور اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈز صرف ایک کامیابی نہیں بلکہ یو سی ایم ڈی میں ہونے والے بہترین اور معیاری کام کی عکاسی ہے جبکہ تعلیمی و تدریسی شعبے میں اعلی معیار کے لیے کوشاں ایک پرعزم ٹیم کی تشکیل ادارے کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔

تقریب میں پرنسپل یو سی ایم ڈی پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پورے شعبے کی ایک دہائی پر محیط مسلسل محنت کا ثمر ہے اور دی یونیورسٹی آف لاہور پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جسے ایمی کی جانب سے اسٹوڈنٹ انگیجمنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ریکٹر اور ڈپٹی چیئرمین نے پرنسپل اور فیکلٹی ممبران کو ایوارڈز پیش کیے اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طبی تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔