سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن کی زیر صدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس

باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کو دو روزہ ڈوپنگ کورس اورگولڈ میڈلسٹ ریسلر محمد عبداللہ کو ایشین گیمز میں شرکت کیلئے سپانسرشپ کی منظوری مکس مارشل آرٹس ٹیم کو انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس یوتھ ورلڈ چمپئن شپ ،ٹرائیتھلون ٹیم کے کھلاڑی و کوچ کو ایشین گیمز جاپان بھجوانے کیلئے سپانسرشپ منظور

بدھ 16 ستمبر 2026 06:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2026ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیر صدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈکی مینجمنٹ کمیٹی کااہم اجلاس منعقد ہوا۔منگل کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر سپورٹس منور حسین ،ڈائریکٹریوتھ افیئرز محمد فہد،ڈپٹی ڈائریکٹرظہور احمد،جی ایم پنشن فنڈ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کو دو روزہ ڈوپنگ کورس کے انعقاد ،گولڈ میڈلسٹ ریسلر محمد عبداللہ کو ایشین گیمز میں شرکت کے لیے بھجوانے، مکس مارشل آرٹس ٹیم کو انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس یوتھ ورلڈ چمپئن شپ ابوظہبی میں شرکت اور ٹرائیتھلون ٹیم کے ایک کھلاڑی اور کوچ کو ایشین گیمز جاپان میں شرکت کے لیے بھجوانے کے لیے بھی سپانسرشپ کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے قواعد وضوابط کا بھی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے، سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، ان کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کی ترقی ہے، ہمارا مقصد سپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آسکیں، سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے باصلاحیت اور ضرورت مند کھلاڑیوں کی ہرممکن مدد جاری رہے گی۔