پٹرولیم ریلیف پیکیج میں مزید اضافہ کیا جائے، مشتاق الرحمن زاہد

بدھ 16 ستمبر 2026 16:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2026ء) سماجی کارکن و کالم نویس مشتاق الرحمن زاہد نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 100 روپے فی لیٹر ریلیف کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے لاکھوں محنت کش شہریوں کو وقتی ریلیف ملا ہے، تاہم عالمی منڈی میں جاری کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف گاڑی چلانے والوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ ٹرانسپورٹ، زراعت، تجارت اور بالخصوص اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی متاثر ہوتی ہیں، جس کا بوجھ بالآخر عام آدمی پر پڑتا ہے۔مشتاق الرحمن زاہد نے اپنے کالم میں تجویز دی کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناسب سے حکومتی فیول ریلیف پیکیج میں بھی اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

عالمی منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اتار چڑھاؤ کا بوجھ فوری طور پر عوام پر منتقل کرنے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے 15 روزہ تعین کے نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ شہری اپنے اخراجات بہتر انداز میں منظم کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کی صورت میں اس کا فائدہ بھی فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جانا چاہیے۔ موجودہ معاشی صورتحال میں عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے فیول ریلیف پیکیج کو وقتی اقدام تک محدود رکھنے کے بجائے اس میں مناسب اضافہ کیا جائے تاکہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جاسکے۔